Child Fever

بچے اور بخار

ڈاکٹر رضوان اسد خان

یاد رکھیں کہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ یا سوڈگری فارن ہائیٹ سے نیچے ٹمپریچر کو بخار نہیں کہتے خواہ بچہ کتنا ہی گرم لگ رہا ہو۔دراصل بخار بہت سی انفیکشن سے لڑنے کا جسم کا قدرتی ہتھیار ہے۔ یعنی ایک حد تک بخار (38 سے 39 سینٹی گریڈ یا سو سے ایک سو دو ڈگری فارن ہائیٹ)جسم کیلئے فائدہ مند ہوتا ہے، لہٰذا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ہاں البتہ جن بچوں کو بخار میں جھٹکے لگتے ہوں، انھیں بخار ہوجائے تو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

کیا کرنا ہے؟

1۔ پانی زیادہ سے زیادہ پلائیں۔

2۔ پانی کی کمی کی علامات پر نظر رکھیں۔
پانی کی کمی کی علامات میں زیادہ پیاس، آنکھیں اندر کو دھنس جانا، ڈیڑھ سال سے چھوٹے بچوں میں سر کا تالو اندر کو دھنس جانا، کم مقدار میں گاڑھا اور تیز رنگ کا پیشاب، منہ خشک، بغیر آنسوؤں کے رونا شامل ہیں۔

3۔ کھانے میں گھر کی بنی ہوئی جوچیز مانگے دیں۔

4۔ رات سوتےوقت بخار وقتاً فوقتاً چیک کرتے رہیں۔

5۔ گھر سے باہر نہ نکلنے دیں۔

6۔ اگر بخار کی وجہ سے بےچینی محسوس کرے تو پیراسٹامول دیں۔
کیا نہیں کرنا؟

1۔ سردیوں میں بچوں کے کپڑے بالکل ہی ہلکے نہ کریں نہ پٹیاں کریں، کیونکہ جیسا کہ پہلے عرض کیا، بخار جسم کے لیے اچھا ہوتا ہے۔

2۔ اسی طرح بہت زیادہ کپڑے بھی نہ پہنائیں اور نہ زیادہ کمبلوں/ رضائیوں میں لپیٹیں۔

3۔ ڈاکٹر کی ہدایت کے بغیر بروفن اور پیراسٹامول ایک ساتھ نہ دیں۔

4۔ دو ماہ سے چھوٹے بچے کو پیراسٹامول نہ دیں۔

5۔ تین ماہ (یا 5 کلو) سے چھوٹے بچے کو بروفن نہ دیں۔

6۔ دمہ کے مریض بچوں کو بروفن نہ دیں۔

ایمرجنسی کب ہے؟
فوراً اپنے بچوں کے ڈاکٹر سے رجوع کریں، اگر:

۱۔ بچہ تین ماہ سے چھوٹا ہے اور بخار سو یا اس سے زیادہ ہو۔

۲۔ بچہ تین سے چھے ماہ کی عمر کا ہے اور بخار 101 یا اس سے زیادہ ہو۔

۳۔ بچہ چھے سے بارہ ماہ کی عمر کا ہے اور بخار 103 یا اس سے زیادہ ہو۔

۴۔ بچے کی عمر کوئی بھی ہو اور بخار 104 یا اس سے زیادہ ہو۔

۵۔ بچے کی عمر ایک سے دو سال کے درمیان ہے اور بخار کو چوبیس گھنٹے سے اوپر ہو گئے ہیں۔

۶۔ بچہ دو سال سے اوپر ہے اور بخار کو تین دن سے زیادہ ہو گئے ہیں۔

۷۔ بچے کو بخار کے ساتھ جھٹکے لگ رہے ہوں۔

۸۔ بچے کے دماغ کاتالو ابھر گیا ہو یا بچہ مسلسل قے کر رہا ہو یا بار بار دست آ رہے ہوں یا وہ بہت سست اور نڈھال ہو گیا ہو یا سانس لینے میں دِقت ہو یا جلد پر سرخ نشانات یعنی ریش rash نمودار ہو جائیں۔

اگر درج بالا علامات ہیں تو فوراً اپنے معالج کو دکھائیے، لیکن اگر یہ علامات نہیں تو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، بلکہ ایک سال سے بڑے بچے میں بخار 102 سے کم ہو تو پیراسٹامول دینے کی بھی ضرورت نہیں۔
٭٭٭