Yours Health

آپ کی صحت

ڈاکٹر ام محمد

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!

س: باجی ام محمد صاحبہ! میری عمر ۰۲سال ہے۔ میرے چہرے پر ایک سال پہلے معمولی سی چیچک نکلی تھی، اس کے دانے ابھی تک ٹھیک نہیں ہوئے۔ اس کے ساتھ مجھے گیس اور معدے میں تیزابیت کا بھی مسئلہ ہے۔ ازراہِ کرم کوئی دوا تجویز فرمادیں۔ (طاہرہ رشید۔ لاہور)

ج: محترمہ طاہرہ رشید صاحبہ! بیٹا آپ نے چیچک کے نشانات کا کہا ہے جبکہ پاکستان ہی نہیں پوری دنیا سے چیچک کا مرض الحمدللہ ختم ہوچکا ہے۔ ممکن ہے کہ یہ دانے نہ ہوں داغ ہوں۔ ذرا غور کرلیں اگر دانے ہیں اور اس میں سے پانی اور پیپ بھی نکل رہا ہے تو یہ چیچک نہیں ہے، یہ ہارمونز کے نظام کی تبدیلی کی وجہ سے ہیں۔اس کے لیے گل منڈی 6 گرام، شاہترہ 6 گرام ایک کپ پانی میں جوش دے کر جوشاندہ بنا کر پی لیا کریں۔خون صاف ہوجائے گا۔ ویسے ہومیوپیتھک کی دوا Hepersuiph200 اور Belladoua200 کے 4-4 قطرے دن میں تین مرتبہ لے سکتی ہیں۔ سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں۔ کھیرا، لیموں اور شہد کا ماسک لگالیا کریں، یہ جلد کو داغوں سے محفوظ رکھے گا۔
٭

س: میری والدہ کو گزشتہ بارہ برسوں سے مائگرین کا مسئلہ ہے۔ معمول سے زیادہ کام، مصروفیت سے درد شروع ہوجاتا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ تکلیف اب بڑھتی جارہی ہے۔ عام ادویہ اثر نہیں کرتیں۔ ڈرپ کے ذریعے درد کش ادویہ دینی پڑتی ہیں۔کچھ لوگ کہتے ہیں کہ دماغ میں کیڑے ہوتے ہیں ان کے ہلنے سے درد ہوتا ہے۔ کیا یہ بات صحیح ہے؟(دختر یعقوب ارشد۔سمندری)
ج: محترمہ دختر یعقوب صاحبہ! دماغ میں کیڑے بڑجانا محض ایک محاورہ ہے، اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ سر میں درد صرف کسی بیماری، پریشانی، ذہنی الجھن سے ہوتا ہے۔ عموماً خواتین میں ناقص صحت سے بیماریاں شروع ہوتی ہیں۔ آپ والدہ کو دوا Iris.Vers30 اور Spigellia30 کے 4-4 قطرے دن میں چار مرتبہ دیا کریں۔ رات میں سوتے وقت Mag.phos Im کے 5-4 قطرے بھی۔ اس کے ساتھ آپ والدہ کے آرام اور خوراک کا بہت خیال رکھیں۔Multiown syrup طاقت کا اچھا سیرپ ہے، صبح اور شام ایک ایک چمچ دے دیا کریں۔
٭

س: باجی! میرا مسئلہ لیکوریا کا ہے۔ میں مدرسے میں پڑھاتی ہوں، اس لیے بار بار وضو کا مسئلہ ہوتا ہے، اس کی وجہ سے میرے جسم میں درد بھی رہتا ہے۔ بلوغت سے پہلے سے ہی مسئلہ شروع ہوگیا تھا۔ ناسمجھی یا شرم کی وجہ سے کسی کو بتایا نہیں۔ اب دو ماہ بعد میری شادی ہے، اسی ڈر اور خوف سے مجبور ہوکر آپ کو خط لکھا ہے۔ (بنت عبداللہ۔فیصل آباد)

ج: محترمہ بنت عبداللہ! آپ دوا Folliculinum 30 اور Kerosote 30 کے 4-4 قطرے دن میں چار مرتبہ لے لیا کریں اور رات میں سوتے وقت Medorrhiaum 200 کے 4-5 قطرے ایک چمچ پانی میں ملا کر لے لیا کریں۔ دودھ اپنی خوراک میں ضرور شامل رکھیں۔ چٹ پٹی چیزوں اور زیادہ مرچ مصالحوں سے پرہیز کریں۔ ویسے ہمدرد کا سیرپ ’تن سکھ‘ ایک ایک چمچ صبح اور شام لے لیں، اس مسئلے کے لیے بہترین ہے۔
٭

صرف جواب:
پیاری بیٹی! آپ کا مسئلہ تو واقعی پریشان کن ہے مگر پریشان ہونے سے یہ حل تو نہیں ہوسکتا۔ ایام میں باقاعدگی کے لیے آپ دوا Wiesbadev30 اور Cyclamin30 کے 4-4 قطرے دن میں چار مرتبہ لے لیں۔ اس کے علاوہ آپ جو گلٹیوں کے بارے میں لکھ رہی ہیں یہ دراصل گلٹیاں نہیں Neboghliam Cyst ہوتی ہیں۔ رحم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے,آپ بالکل ٹھیک ہیں, یہ ویسے تو بے ضرر ہوتی ہیں, آپ پھر بھی دوا لینا چاہیں تو Calc.flovr12x1 اور Calc.Carb3x کی 4-4 گولیاں دن میں دو مرتبہ صبح اور رات لیں۔ کچھ احتیاط وزن اٹھانے، پیروں کے وزن پر نیچے بیٹھنے اور بہت پیدل چلنے سے بچیں۔ ان شاء اللہ تعالیٰ جلد ٹھیک ہوجائیں گی۔ میرا مشورہ ہے کہ اپنی والدہ سے ضرور اپنا مسئلہ ڈسکس کریں وہ احتیاط بتانے کے ساتھ دعا بھی کریں گی۔
ملاحظہ: جو خواتین آن لائن علاج کروانا چاہیں وہ مندرجہ ذیل نمبر پر رابطہ کرسکتی ہیں:
0300-9213888
٭٭٭

سردی آئی!
سیما انجم فرید

میں وضو بنانے کے لیے وضو خانے کی طرف جا رہی تھی کی ایک طالبہ میرے پاس آئی۔ مدرسے کا اختتامی گھنٹہ گزر چکا تھا۔ اب سب ظہر کی تیاری کر رہے تھے۔ ظہر پڑھ کر سب طالبات اور معلمات کی واپسی گھر کی طرف شروع ہوجاتی ہے۔
اسے قریب آتے دیکھ کر میں رکی اور اس کے خفگی بھرے چہرے پر نظر ڈالی۔

”باجی! آپ اس کو سمجھالیں، وہ ساری جماعت میں مجھے ذلیل کرتی ہے کہ اس کے ساتھ میں بالکل نہیں بیٹھوں گی، کیونکہ یہ ناک میں انگلی ڈالتی ہے۔“

اب مجھ سے سوال ہوا۔ ”باجی! کیا آپ نے مجھے یہ حرکت کرتے دیکھا ہے؟“

میں سٹپٹا گئی۔ مجھے پڑھاتے وقت ارد گرد کا اتنا ہوش کہاں ہوتا ہے، بہر حال اس کی بات سن کر میں نے بے ساختہ امڈ آئی اپنی ہنسی چھپائی اور اسے پیار سے سمجھایا کہ اچھا میں یہ معاملہ دیکھ لوں گی، تم فکر نہ کرو۔

تو جناب! سردی کا موسم شروع ہوچکا ہے۔ اسکول، مدرسے جاتے بچے اور بچیوں کو رات سوتے وقت ہاتھ، پیر، نتھنوں میں ہلکا سا تیل اور چہرے پر کوئی لوشن ضرور لگانا چاہیے۔ نتھنوں میں اس لیے ضروری ہے کہ سردی میں جب خشک ہوا چلتی ہے تو ناک میں خشک ہوجاتی ہے، جس سے پریشانی ہوتی ہے۔

وضو میں چھوٹی انگلی سے بچوں کو ناک صاف کرنے کی عادت ڈلوائیں تاکہ بچہ محفل میں بیٹھ کر ناک نہ کھجائے۔

خیر میں نے جماعت میں سب بچیوں کو پہلے تھوڑا سمجھایا کہ اس موسم میں خارش اٹھتی ہے تو محفل میں یہ کام کرنا بدتہذیبی کہلاتا ہے۔ کبھی ٹانگ کھجا رہے ہیں، کبھی پیر اور ہاتھ پر خارش ہو رہی ہے۔ اکثر بچیوں کے ہونٹ بری طرح پھٹے ہوتے ہیں۔ یہ بچے تو معصوم پھول کی طرح ہوتے ہیں، سرد ہواؤں سے انھیں بچانا چاہیے۔ میں سردی میں گھر پر ایک لوشن بناتی ہوں۔ کافی لوگوں کو بتایا انھیں بھی فائدہ ہوا۔ آپ بھی بنا لیں تو اچھی چیز ہے۔

تین چیزیں اس لوشن میں استعمال ہوتی ہیں۔ لیموں، گلیسرین اور عرق گلاب!

تینوں چیزیں کی یکساں مقدار ہو۔ جیسے آدھی پیالی لیموں کا رس ہے تو آدھی آدھی ہی پیالی گلیسرین اور عرق گلاب اس میں مل کر یکجان کرلیں۔ ایک اچھا سا لوشن بن جائیں گا۔ اس لوشن کو چہرے، ہاتھ پیروں پر صبح، شام، رات تینوں وقت لگائیں، آپ کی جلد نرم رہے گی۔ خیال رہے لیموں کا رس چھان کر ملانا ہے۔

اللہ سب کو حفظ و امان میں رکھے۔ دنیا اور آخرت کی آسانیاں عطا کرے، آمین!
٭٭٭