چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ چین انسداد دہشت گردی میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا
پیر کے روز پریس بریفنگ کے دوران ترجمان چینی وزارت خارجہ نے پاکستان میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ چین انسداد دہشت گردی میں پاکستان کی مدد جاری رکھے گا اور دونوں ممالک دہشت گردی کے مقابلے کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات خراب کرنے کی تمام کوشش ناکام بنا دیں گے، دہشت گرد اپنے کیے کی قیمت چکائیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، دونوں ملکوں کی دوستی کی بنیاد دل و دماغ میں موجود ہے، دونوں ممالک کے باہمی تعاون اور اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوششیں ناکام ہونگی۔
ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں مدد جاری رکھے گا اور مختلف شعبوں میں تعاون سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہوگا۔
ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ دونوں ملک دہشت گردوں کو سبق سکھانے کا عزم اور قابلیت رکھتے ہیں، دو طرفہ تعلقات کو خراب کرنے کی کوششیں کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔