Palestine Flag PicRyl.Com

فلسطینی پرچم اور تربوز

Photo: Picryl.Com
انتخاب: علی اسحاق۔ راولپنڈی

دنیا بھر میں اسرائیل حماس جنگ کے خلاف مظاہروں میں بینرز، ٹی شرٹس، غباروں اور سوشل میڈیا پوسٹس میں ایک تصویر ابھر کر سامنے آئی ہے اور وہ ہے تربوز!!

کٹے ہوئے تربوز کے سرخ رنگ کے گودے، سبز، سفید چھلکے اور سیاہ بیج کے رنگ وہی رنگ ہیں جو فلسطینی پرچم کے ہیں۔

یہ پھل مغربی کنارے اور غزہ میں احتجاج کی ایک علامت بننے کے بعد سے فلسطینیوں کے ساتھ یک جہتی کی عالمی علامت کیسے بنا ؟

تاریخی پس منظر

مشرق وسطی کی 1967 کی جنگ کے بعد اسرائیل کی حکومت نے غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی پرچم کی نمائش پر پکڑ دھکڑ شروع کی۔ رملہ میں 1980 میں فوج نے تین فنکاروں کے زیر انتظام ایک گیلری کو اس لیے بند کر دیا کہ انہوں نے پولیٹیکل آرٹ اور اپنے فن پاروں کو فلسطینی پرچم کے سرخ، سبز، سیاہ اور سفید رنگوں میں پیش کیا تھا۔

ان تینوں فنکاروں کو بعد میں اسرائیل کے ایک افسر نے طلب کیا۔ آرٹسٹ اور نمائش کے منتظم، سلیمان منصور کے مطابق، ایک اسرائیلی افسر نے ان سے کہا،” فوج کی اجازت کے بغیر کسی نمائش کے انعقاد پر پابندی عائد ہے، اور دوسری بات یہ کہ فلسطینی پرچم کے رنگوں کو پینٹ کرنے کی بھی ممانعت ہے۔”

اس کے بعد سے لوگوں نے مظاہروں میں اس پھل کو لہرانا شروع کر دیا ۔

منصور نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ،” افسر نے تربوز کی تصویر کشی کو آرٹ کی ایک ایسی مثال قرار دیا جس سے فوج کے ضابطوں کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔”

مصنف، مہدی صباغ نے لکھا ہے کہ ایسے نوجوانوں کی کہانیاں موجود ہیں جنہوں نے فوج کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تربوز کے کٹے ہوئے ٹکڑوں کے ساتھ سڑکوں پر پیدل چل کر اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں گرفتاری کا خطرہ مول لیا۔ انہوں نے لکھا، جب میں تربوز دیکھتا ہوں تو میں اپنے لوگوں کے اٹوٹ جذبے کے بارے میں سوچتا ہوں۔

سلیمان منصور نے کہا،” 90 کی دہائی کے وسط میں جب اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان عبوری معاہدے ہونے سے ایک سال قبل موجودہ قوم پرست اسرائیلی حکومت کے اقتدار سنبھالنے تک،فلسطینی پرچم بلند کرنا ایک بڑے مسئلے کے طور پر پس پشت چلا گیا۔ پھر 30 سال کے بعد، یہ ایک بار پھر ایک قومی علامت بن گیا۔”

تربوز کے بیج:
تربوز کی تصویر یک جہتی کی ایک علامت بننے ایک اور وجہ اس کے بیج بھی ہیں۔ سرگرم کارکنوں میں ایک کہاوت مقبول ہے, جسے عام طور پر یونان کے ایک شاعر، ڈائنوس کرسچناپولس سے منسوب کیا جاتا ہے،” وہ ہمیں دفن کرنا چاہتے تھے ؛ وہ نہیں جانتے تھے کہ ہم بیج ہیں۔”

تربوز کی تکونی قاش کی علامتی تصویر پر مبنی نئے ڈیزائن کے خالق آرٹسٹ، شان ایسکارسیگا نے تربوز کے بیج کی طاقت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ،” آپ ایک تربوز کو کچل سکتے ہیں۔ آپ اس کو تباہ کر سکتے ہیں لیکن بیجوں کو کچل دینا مشکل ہوتا ہے۔”

یہ واقعی ایک بڑی طاقت ہے کہ اتنی چھوٹی سے چیز سے زندگی پیدا ہو سکے اور وہ اتنی مضبوط ہو اور یہ کہ وہ اتنی آسانی سے پھیل سکے۔(وائس آف امریکا)