Electricity Price

پاکستان میں بجلی کی قیمت میں 10 روپے فی یونٹ کمی ہونی چاہیے، اویس لغاری

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کی قیمت کو عوام کی پہنچ میں لانا ہے، مختلف اقدامات کر رہے ہیں جس سے بجلی کی قیمت کو نیچے لے کر آئیں گے، پاکستان میں بجلی کی قیمت میں 10 روپے فی یونٹ کمی ہونی چاہیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا بجلی کی پیداواری کمپنیز کے ساتھ باہمی مشاورت سے قیمتوں میں کمی لائیں گے۔

انھوں نے کہا ہم نے جائزہ لیا کہ کن پلانٹس کی ہمیں ضرورت نہیں۔ 5 آئی پی پیز کے ساتھ بات چیت کا آغاز کیا اور معاہدے کو اسٹڈی کیا۔ ہم باہمی مشاورت کے ساتھ ایسی پوزیشن پر پہنچے کہ آپس میں اتفاق ہوا۔

اویس لغاری نے کہا پاکستان میں بجلی کی قیمت میں 10 روپے فی یونٹ کمی ہونی چاہیے۔ بجلی کی قیمتوں کو کم کرنا ضروری ہوگا، مختلف اقدامات سے بجلی کی قیمتوں کو نیچے لے کر آئیں گے۔

انھوں نے کہا بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے 5 آئی پی پیز کے خاتمے پر متفق ہوئے، ان آئی پی پیز کے مالکان کے شکر گزار ہیں۔

اویس لغاری نے کہا ہم نے مل کر عوام کے 411 ارب روپےکی بچت کی، معاہدے کو چند دنوں میں عملی جامع پہنائیں گے۔ پاکستان کو مجموعی طور پر 411 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔