پنجگور، بس اور ایرانی تیل سے بھری گاڑی میں تصادم،8 افراد جاں بحق

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سی پیک روڈ قومی شاہراہ پر ایک مسافر بس اور ایرانی تیل سے بھری گاڑی کے درمیان خطرناک تصادم کے سبب دونوں گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس میں 8افراد جھلس کر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا، ابتدائی طور پر 5افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی تھی لیکن ایک زخمی کی ہسپتال منتقلی سے قبل موت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 6ہوگئی بعدازاں مزید دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے، جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 8ہوگئی۔

ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ٹیچنگ ہسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا، زخمیوں کا علاج جاری ہے جبکہ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے۔پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور تیز رفتاری کو ابتدائی طور پر حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔