سوات: سوات میں ایک ملزم کی فائرنگ سے خواجہ سرا جاں بحق اور اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔
سوات کے علاقے مینگورہ کے تاج چوک میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں خواجہ سرا کے جاں بحق اور ساتھی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
مینگورہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر رفیع اللہ کے مطابق خواجہ سرا اسامہ عرف ماہ نور اور زخمی خواجہ سراء اسرار عرف گلالئی رات کو شادی کی تقریب میں گئے تھے صبح سویرے واپسی پر مبینہ ملزم نواب سکنہ مٹہ نے ان پر فائرنگ کی جس سے خواجہ سراء ماہ نور موقع پر جاں بحق ہوگیا اور ساتھی خواجہ سراء گلالئی شدید زخمی ہے۔
پولیس انسپکٹر کے مطابق یہ قتل ذاتی رنجش کی بنا پر کیا گیا، لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، قتل ہونے والے خواجہ سرا کا تعلق کراچی اور زخمی خواجہ سرا کا تعلق مردان سے ہے۔