لاہور:پنجاب میں سموگ کی شدت بر قرار، لاہور کی فضا تعطیل کے روز بھی آلودہ رہی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک بڑھ گیا، مجموعی شرح 275 ریکارڈ کی گئی ۔راوی روڈ پر آلودگی کی شرح 302، لوئر مال 515، اقبال ٹائون 517، ساندہ روڈ 497، ایف سی کالج میں 466 اور صدر کینٹ میں 437 ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ فیصل آباد میں اے کیو آئی 410 اور ملتان میں 367 تک جا پہنچا ۔
ماہرین ماحولیات کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتی آلودگی شہریوں کے لئے شدید خطرہ بن چکی ہے، انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور صبح کے اوقات میں کھلی فضا میں سرگرمیوں سے پرہیز کریں۔
دوسری جانب سموگ و ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کیلئے گرینڈ آپریشن جاری ہے۔محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کے خلاف24 گھنٹے متحرک ہے، نومبر کے پہلے ہفتے میں خلاف ورزی کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیوں پر رپورٹ جاری کر دی گئی ۔
رپورٹ کے مطابق یکم تا 8 نومبر تک لاہور میں 4184 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ و دھواں چھوڑنے والی 877 گاڑیوں کے چالان اور 288 گاڑیاں بند کی گئیں، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ میں اوورلوڈنگ کرنے پر 671 گاڑیوں کے چالان کیے گئے، مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے کے جرمانے عائد ہوئے۔

