متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم نے الیکشن نہیں لڑا تو پھر اس شہر میں کوئی الیکشن نہیں ہوگا۔
الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر پر ایم کیو ایم، پاک سر زمین پارٹی اور تنظیم بحالی کمیٹی نے مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ الیکشن کمیشن غیر قانونی حلقہ بندیوں کا جواب دے اور منصفانہ الیکشن کے اصول طے کرے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی پر گٹھ جوڑ کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایک پارٹی کا میئر اور دوسری کا ڈپٹی میئر نامنظور ہے۔
پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر آصف زرداری نے بلاول کو وزیراعظم بنوانا ہے تو کراچی والوں کو اپنے ساتھ رکھنا ہوگا۔
بلدیاتی حلقہ بندیوں پر یادداشت پیش
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے بلدیاتی حلقہ بندیوں پر یادداشت پیش کردی۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان کو یاد داشت پیش کی۔
سربراہ ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں دھاندلی ہوئی ہے، اس لیے آپ کے سامنے اپنی یادداشت پیش کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ صاف شفاف انتخابات آپ کی ذمہ داری ہے یہاں پر دو سابق میئر بھی موجود ہیں، اس سے پہلے بھی اپنی گزارشات آپ کو پیش کی ہیں۔