اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پی ایل اے کی 98 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین اسٹریٹجک تعلقات باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ عزم کی مثال ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 98ویں سالگرہ آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں منائی گئی، تقریب میں پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چینی مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ چین کے دفاع، سلامتی اور قومی تعمیر میں پی ایل اے کے اہم کردار کو سراہا۔ آرمی چیف نے پاک چین تعلقات کی مضبوطی اور اسٹریٹجک اہمیت پر زور بھی دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات منفرد اور ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجوں کے درمیان غیر معمولی طور پر لچکدار ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دوستی مستحکم اور غیر متزلزل ہے۔
آرمی چیف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج اور پی ایل اے سچے بھائی ہیں ان کی پائیدار شراکت داری علاقائی استحکام کو فروغ دینے اور مشترکہ اسٹریٹجک مفادات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔
چینی سفیر نے پی ایل اے کی 98ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ چینی سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے ثابت قدم کردار کا اعتراف کیا۔
چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت اور عزم کا اعادہ کیا۔