عمران سے ملاقات کی درخواست کرنیوالے پر10ہزارجرمانہ عائد

راولپنڈی:راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی درخواست غیر ضروری اور فضول قرار دیکر خارج کردی۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی درخواست پر انسدا دہشت گردی عدالت کا فیصلہ آگیا، عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے درخواست گزار پر10ہزار روپے جرمانہ عائدکردیا۔

عدالت نے درخواست گزار کو10ہزار روپے جرمانہ ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کی ڈسپنسری میں جمع کرانے کا حکم دیدیا، عدالت کی جانب سے کہاگیا کہ یہ جرمانہ غریب مریضوں کے علاج پر خرچ کیا جائے گا۔

عدالت نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کا طریقہ کار اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی طے کرچکی ہے، ٹرائل کورٹ ملاقاتوں پر کوئی متضاد حکم جاری نہیں کرسکتی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ عمران خان جی ایچ کیو حملہ کیس میں ضمانت پر ہیں جوڈیشل تحویل میں نہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے پہلے بھی اسی نوعیت کی2درخواستیں دائر کی گئیں،متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کے بجائے درخواست گزار عدالت کا وقت ضائع کررہا ہے۔

یاد رہے کہ وکیل فیصل ملک نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے درخواست دی تھی۔