کے پی حکومت کاوفاق کے امتیازی سلوک کے خلاف قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان

پشاور:وفاق کی جانب سے امتیازی سلوک روا رکھے جانے پر خیبر پختونخوا حکومت نے قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کر دیا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان کے سب سے مقبول لیڈر عمران خان کی حکومت ہونے کے باعث وفاق کی جانب سے صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔

سہیل آفریدی نے الزام لگایا کہ وفاق کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ، بجلی اور گیس میں صوبے کے ساتھ دانستہ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے، آج6مئی کو صوبے بھر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی جائے گی جبکہ ایمرجنسی سروسز مستثنیٰ ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشری بی بی کو ذاتی معالجین کی نگرانی میں علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جارہی، عمران خان کو اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقات کی اجازت نہ دینا غیر انسانی اور غیر قانونی ہے۔ وزیر اعلی سہیل آفریدی نے آئین اور قانون کی پاسداری کرنے والے وکلا سے ہڑتال میں شرکت کی اپیل کر دی۔