ستھرا پنجاب بہترین منصوبہ ،کام چور کو معافی نہیں، معطل ہوگا،مریم نواز

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب بہترین منصوبہ ہے، اس پروگرام میں بدعنوانی، غفلت یا سیاسی دبائو برداشت نہیں ہوگا۔کام نہ کرنے والوں کو کوئی معافی نہیں، معطل کردیں گے۔

ستھرا پنجاب کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ صفائی نصف ایمان ہے، صاف ماحول شہری کا بنیادی حق ہے، ستھرا پنجاب پروگرام سے زیادہ میرے دل کے قریب کوئی پروگرام نہیں، عوام کو صاف اور صحت مند ماحول دینا ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران میری آنکھ اور کان ہیں، صفائی ستھرائی سے حکومت کی کارکردگی کا پتہ چلتا ہے، ستھرا پنجاب پروگرام کیلئے تمام وسائل مہیا کئے گئے ہیں، ستھرا پروگرام میں بدعنوانی، بدانتظامی یاغفلت برداشت نہیں۔

ستھرا پنجاب پروگرام میں کبھی مداخلت نہیں کی، نہیں چاہتی اس منصوبے پر کوئی سیاسی دبا آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب کو 2 سال مکمل ہوگئے مگر قابل فخر کارکردگی نہیں، دفتر میں رہ کر سب بہتر لگتا ہے، باہر نکل کر دیکھا جائے کیا بہتر نہیں، بتائے بغیر اپنے ضلع میں وزٹ کیا جائے اور صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب بہترین منصوبہ ہے، عالمی سطح پر اس کو سراہا گیا، ستھرا پنجاب سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا، ستھرا پنجاب کا ورکر ہر گلی، محلے اور شہر تک پہنچتا ہے، صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ نہ ملنے پر احتجاج ورکرز کا حق ہے لیکن باہر آ کر فساد پھیلانا برداشت نہیں۔

پنجاب میں کسی کو بھی کسی قسم کی بدتمیزی کی اجازت نہیں ہے، گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی آپ کی ذمہ داری ہے، دیہات اور شہر میں برابر کی ترقی ترجیح ہے، ورکرز کو اجرت بروقت ملنی چاہیے، افسران شکایات کو سنجیدگی سے لیں۔