لاہور/کراچی:ملک کے مختلف شہروں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش میں آسمانی بجلی گرنے سے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ کمالیہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک، ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔
مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور بارش کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے جبکہ مریدکے، شیخوپورہ، تاندلیانوالہ، چنیوٹ، خانیوال اور گردونواح میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔اوکاڑہ اور اس کے اطراف میں آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔پیرمحل، گجرات، پنڈی بھٹیاں اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ مانسہرہ میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
ادھر صوبہ بلوچستان کے علاقے موسی خیل میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں بھی مزید بارشوں اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ24گھنٹوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے،کراچی میں فی الحال رواں ماہ مئی میں بارش کا کوئی امکان نہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 26.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37سے 39ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کاامکان ہے۔
حیدرآباد میںگدی قبرستان حالی روڈ پر بجلی کا ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث العزیز کالونی سمیت اطراف کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس پر مشتعل علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے حیسکو حالی روڈ سب ڈویژن کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مرکزی سڑک پر ٹائر نذر آتش کر دیے جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔احتجاج کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کی اطلاع بروقت متعلقہ حکام کو دے دی گئی تھی تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بجلی بحال نہیں کی گئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے رواں سال ہیٹ ویوز، جنگلات میں آگ اور شدید بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔ اسلام آباد میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں منعقدہ بریفنگ کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے خبردار کیا ہے کہ سال 2026 کے دوران ملک کو شدید ہیٹ ویوز جنگلات میں آگ اور موسلا دھار مون سون بارشوں جیسے خطرناک موسمی حالات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
کراچی میں قیامت خیز گرمی باعث شہر کے مختلف علاقوں سے برآمد ہونے والی لاشوں کی تعداد 12تک جاپہنچیں، لاشوں کو عباسی شہید ہسپتال، سول ہسپتال کراچی اور جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔لاشیں شہر کے مختلف علاقوں سے ملی ہیں جن میں منگھوپیر، گلشنِ حدید، ڈیفنس فیز 8، بوٹ بیسن، لیاقت آباد، سپر ہائی وے، سرجانی ٹان، موری پور روڈ، بلدیہ ٹاؤن اور نارتھ کراچی شامل ہیں۔

