اسلام آباد:نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کا پانی روکنے کی بھارتی کوشش کو جنگ تصور کیا جائیگا۔ سفیروں اور ڈپلومیٹک کور سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارتی اقدامات سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان نے معرکہ حق میں وطن عزیز کے ایک ایک انچ کا دفاع کیا، مئی کی جنگ میں بھارت کے لڑاکا طیارے گرائے گئے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے پہلگام حملے کا الزام بغیر ثبوت پاکستان پر لگایا اور پھر جارحیت کی جس کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دیا۔
اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان کسی بھی مس ایڈونچر کا طاقت سے جواب دے گا، ہم نے گزشتہ برس بھارت کو جنگ کے میدان میں شکست دینے کے بعد سفارتی میدان میں بھی شکست دی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی شاہینوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہاکہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، حالیہ دنوں میں دریائے چناب کے بہا ؤمیں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، بھارت ہمیں دریاؤں کے پانی کا شفاف ڈیٹا فراہم کرے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایران پر جب حملہ ہوا تو پاکستان نے سب سے پہلے مذمت کی، جبکہ خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی بھی مذمت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کوششوں سے اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان طویل مذاکرات ہوئے، اور دونوں ممالک 47 سال بعد مذاکرات کی میز پر بیٹھے، ہم خطے میں امن کے خواہاں ہیں۔

