نادرا نے شہریوں کے لیے جدید سہولت متعارف کرادی

اسلام آباد:نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے عوامی سہولت کے لیے نئی جدید ویب سائٹ متعارف کرا دی، جس میں ضلع کی سطح پر مرد شماری کے اعداد و شمار بھی کیے گئے ہیں۔

نادرا نے شناختی خدمات کو مزید منظم اور صارف دوست انداز میں ڈھالنے کے لیے ویب سائٹ کو جدید طرز پر متعارف کرادیا ہے۔ویب سائٹ پر شناختی کارڈ، نائیکوپ، پی او سی، ایف آر سی سمیت تمام خدمات کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا گیا ہے۔

نادرا کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن ڈیٹا اور اعدادوشمار nGRIDS سسٹم پر نقشوں کی صورت میں موجود ہے جبکہ ضلعی سطح پر مردم شماری اور رجسٹریشن کا تقابلی جائزہ بھی فراہم کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ تحقیقی سرگرمیوں اور منصوبہ بندی میں رہنمائی کے لیے میپ گیلری متعارف کرایا گیا ہے جبکہ قومی و صوبائی سطح کے اعدادوشمار اور رجحانات کو بھی ویب سائٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ویب سائٹ کی مدد سے شہری پیدائش، وفات، شادی و طلاق کی باآسانی رجسٹریشن کرسکتے ہیں جبکہ بینکاری، ٹیلی کام اور حکومتی اداروں کے لیے تصدیقی خدمات اسی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔

اس کے علاوہ عوامی سہولت کے لیے کال سینٹر، آئی وی آر اور ای میل سپورٹ کو بھی نادرا نے مزید موثربنادیا، جس کے بعد شکایات کے اندراج اور ازالے کا نظام بہتر انداز میں فعال ہوگیا ہے۔