تہران:ایران کے دارالحکومت تہران میں منعقدہ ایک حالیہ ریلی کے دوران ایرانی شہریوں نے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی حمایت اور یکجہتی پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ریلی میں شریک ایرانی شہریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں نکالی جانے والی ریلیاں اور وہاں سے ملنے والی حمایت ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔
شہریوں نے جذباتی انداز میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کی اس محبت اور مخلصانہ حمایت کو کبھی نہیں بھولیں گے کیونکہ پاکستان ہمیشہ ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ایرانی شہریوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کا محبت بھرا پیغام ہمیں مل گیا ہے اور جس جوش و استقامت کے ساتھ پاکستان کی باشعور قوم نے ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی دکھائی ہے وہ قابلِ تحسین ہے۔
شرکاء نے پاکستانی عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران اس مشکل وقت میں دی جانے والی حمایت پر تہہِ دل سے شکر گزار ہے اور ان برادرانہ تعلقات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

