جعلی حج دفاتر کے خلاف سعودی عرب کی نئی وارننگ

ریاض :ایک طرف جہاں بیرون ملک سے حجاج کرام رواں سال کا فریضہِ حج ادا کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں، وہیں سعودی وزارتِ داخلہ نے جعلی حج مہموں اور اندرونِ ملک حجاج کرام کو خدمات فراہم کرنے والے غیر لائسنس یافتہ دفاتر کے حوالے سے اپنی وارننگ کی تجدید کی ہے۔

اسی دوران وزارت داخلہ ان دھوکے بازوں اور جعل سازوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے جو حج کی فرضی خدمات کی تشہیر میں ملوث ہیں۔سعودی وزارت داخلہ نے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ مختلف ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر چلنے والے گمراہ کن اشتہارات کے جھانسے میں نہ آئیں اور وزارتِ حج و عمرہ کی ویب سائٹ کے ذریعے اندرونِ ملک حجاج کرام کے لیے لائسنس یافتہ مہمات کے قانونی ہونے کی تصدیق کریں۔

اسی تناظر میں سعودی وزارتِ داخلہ نے حج سیزن کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کی اطلاع دینے پر زور دیا ہے۔ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور منطقہ شرقیہ میں 911 پر اور مملکت کے باقی حصوں میں 999 پر اطلاع دی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے تمام حج امور کے دفاتر اور خدمات فراہم کرنے والوں پر زور دیا ہے کہ وہ حجاج کو اس سال حج کی ادائیگی کے لیے سرکاری پرمٹ حاصل کرنے اور منظور شدہ قانونی راستوں پر چلنے کے بارے میں آگاہ کریں۔ یہ اقدام ضیوف الرحمن کی حفاظت، فراہم کردہ خدمات کے معیار کو یقینی بنانے اور انہیں آسانی سے مناسک ادا کرنے کے قابل بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔