اسرائیلی رہنما اسلام آباد مذاکرات کی کامیابی کے مخالف

دوحہ:اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو اور دیگر اسرائیلی رہنما اسلام آباد میں جاری مذاکرات کی کامیابی کے خواہاں نہیں ہیں۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو اور دیگر اسرائیلی رہنما ڈیل نہ ہونے کی خواہش رکھتے ہیں تاکہ ایران اور لبنان میں کارروائیاں جاری رکھی جا سکیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ جنگ عارضی طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت کے باعث رکی ہوئی ہے، تاہم اسرائیلی حکومت اسے اپنے اہداف کے لیے غیر موزوں قرار دے رہی ہے، کیونکہ وہ ایران اور لبنان دونوں محاذوں پر کامیابی کے دعوے کرتی رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اسرائیل پہلے ان دونوں محاذوں کو الگ قرار دیتا رہا ہے، مگر اب جنوبی لبنان میں اس کی پوزیشن محدود ہو چکی ہے اور اس کے ہاتھ بندھے ہوئے محسوس ہو رہے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ دفاع کاٹز نے حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نعیم قاسم کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بھاری قیمت چکانا پڑے گی اور اسرائیل انہیں نشانہ بنا سکتا ہے۔ انہوں نے لبنانی حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرے تاکہ مذاکرات آگے بڑھ سکیں۔