شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی کی عالم اسلام سے اسلام آباد مذاکرات کی کامیابی کی اپیل

ایران اور امریکا کے درمیان متوقع جنگ بندی مذاکرات کے تناظر میں پاکستانی قیادت کے متوازن اور ذمہ دارانہ کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
عالمِ اسلام کی معروف علمی شخصیت شیخ الاسلام مفتی تقی عثمانی نے بھی اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ایک نہایت نازک موقع پر اہم سفارتی ذمہ داری ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائی، جس کے باعث دنیا بھر میں ملک کا وقار نمایاں طور پر بلند ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل ہونے والے مذاکرات کی کامیابی نہ صرف عالمِ اسلام بلکہ پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔


انہوں نے وزیرِ اعظم کی جانب سے عوام سے دعا کی اپیل کو بروقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام معاملات اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہیں، اس لیے قوم کو بالخصوص دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے۔
پیغام میں خاص طور پر دعائے مسنون پڑھنے کی تلقین بھی کی گئی تاکہ مذاکرات کامیاب ہوں اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ ملے۔
واضح رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اہم مذاکرات اسلام آباد میں ہونے جارہے ہیں، جنہیں خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے قیام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔