اسلام آباد:چینی کے شعبے کی ڈی ریگولیشن کے لیے اعلیٰ سطح کمیٹی کی سفارشات مکمل ہوگئیں۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح کمیٹی کی سفارشات وزیراعظم کو پیش کردی گئی ہیں جس کے تحت چینی کے شعبے میں مسابقت بڑھانے اور مارکیٹ کو آزاد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے برآمدات بڑھانے کے لیے واضح طریقہ کار متعارف کرانے کی تجویز دی ہے،کسانوں کو فصل اور فروخت کے فیصلوں میں مکمل آزادی دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق منڈی میں بہتر قیمت کے حصول کے لیے مارکیٹ سسٹم مضبوط بنانے پر زور دیا جارہا ہے،شوگر ملز میں ایتھنول اور دیگر مصنوعات کی تیاری کی بھی اجازت ہوگی جب کہ سفارشات میں کسانوں کو بروقت ادائیگیوں اور شفافیت بڑھانے کے لیے اقدامات شامل ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چینی کے شعبے میں تحقیق، بفراسٹاک اور مارکیٹ نگرانی کو بہتر بنانے کی سفارش پیش کی گئی ہے، ایندھن کی درآمدی لاگت کم کرنے کے لیے ایتھانول بلینڈنگ کو فروغ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کسانوں پر گنے کی مخصوص شوگر ملوں کو فروخت کی پابندی ختم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے، شوگر ملز کو مارکیٹ کے مطابق قیمتیں مقرر کرنے کی اجازت دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

