ام رباب کیس،پی پی ایم پی ایز سمیت تمام ملزمان بری

دادو:ام رباب چانڈیو کے دادا، والد اور چچا کے قتل کے ہائی پروفائل کیس کا محفوظ فیصلہ سنادیا گیا۔ ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ نے پیپلز پارٹی کے دو ایم پی ایز سمیت تمام8نامزد ملزمان کو بری کر دیا۔

عدالت کے مطابق سردار احمد خان چانڈیو اور برہان خان چانڈیو سمیت کسی بھی ملزم پر جرم ثابت نہیں ہو سکا، اس لیے تمام ملزمان کو باعزت بری کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا گیا۔یہ مقدمہ میہڑ کے تہرے قتل کیس سے متعلق تھا جو تقریباً8سال3ماہ تک عدالت میں زیرِ سماعت رہا۔

کیس کے دوران مجموعی طور پر392پیشیاں ہوئیں۔ فرسٹ ایڈیشنل سیشن جج/ماڈل کرمنل ٹرائل کورٹ دادو کے جج حسین کلوڑ نے ایک ماہ قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا۔فیصلہ سنانے سے قبل سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے۔

ضلع بھر کے30تھانوں کے ایس ایچ اوز،6ڈی ایس پیز اور 589 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ عدالت کے اطراف دو کلومیٹر تک ناکہ بندی کر کے سڑکیں سیل کی گئیں۔

فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے مدعی ام رباب چانڈیو نے کہا کہ ان کے حوصلے بلند ہیں، دنیا حیران ہے کہ سندھ میں سردار وڈیروں کو قتل کرنے کا لائسنس دیا گیا ہے، میرے حوصلے بلند ہیں، میں عدالتی فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کروں گی۔

ان کے وکیل صلاح الدین پنہور نے اعلان کیا کہ ماڈل کورٹ کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی جائے گی۔