لیڈی ولنگڈن اسپتال واقعہ،5ڈاکٹرز کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ ختم

لاہور:لاہور کے لیڈی ولنگڈن اسپتال میں آپریشن تھیٹر سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے ہلچل مچا دی جس کے بعد پنجاب حکومت نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے5ڈاکٹرز کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ ختم کر دی۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب کایہ اقدام پالیسی اینڈ پروسیجر مینوئل کی شق 13.2 کے تحت غفلت اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اٹھایا گیا۔ متاثرہ ڈاکٹرز میں ڈاکٹر طیبہ فاطمہ، ڈاکٹر ماہم امین، ڈاکٹر زینب طاہر، ڈاکٹر عائشہ افضل اور ڈاکٹر آمنہ رشید شامل ہیں جبکہ معاملہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز کو بھی بھجوا دیا گیا ہے۔

ویڈیو اسکینڈل نے صحت کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں جہاں دورانِ آپریشن مریضوں کی ویڈیوز بنانے اور غیر تربیت یافتہ افراد سے حساس طبی عمل کروانے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق نہ صرف طبی اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی بلکہ ڈاکٹرز کے درمیان مبینہ مقابلہ بازی نے مریضوں کی جانوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا۔

ادھر شہری جنید ستار بٹ ایڈووکیٹ نے پولیس میں درخواست دائر کر دی ہے جس میں ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی اور پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کے اقدامات نہ صرف طبی اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی ہیں بلکہ مریضوں کے وقار اور اعتماد کو بھی شدید متاثر کرتے ہیں۔