کے پی حکومت، یوم پاکستان پر 10 لاکھ پودے لگانے کا اعلان

پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے تمام پاکستانیوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید اس بار بھی عمران خان کے بغیر گزارنا افسوسناک ہے، وہ ہمارے دلوں کی دھڑکن ہیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ ناحق قید میں ہیں، ان کی رہائی کے لیے جدوجہد کو مزید تیز اور موثر بنایا جائے گا، آئین اور قانون کی بالادستی، حقیقی جمہوریت کے قیام، آزاد عدلیہ کی بحالی اور آزاد صحافت کے فروغ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

سہیل آفریدی نے عید کے تیسرے دن یوم پاکستان پر صوبہ میں 10 لاکھ پودے لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم عمران خان کے بلین ٹری سونامی وژن کا تسلسل ہے، شجرکاری مہم میں حصہ لینے والوں کے لیے ایک آن لائن ایپ متعارف کرائی گئی ہے، شہری پودے لگانے کے بعد اپنی ویڈیوز اور تصاویر ایپ پر اپ لوڈ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مہم کے ذریعے دنیا کو خیبرپختونخوا میں شجرکاری کی سرگرمیاں دکھائی جائیں گی۔ خیبرپختونخوا کے جنگلات پورے پاکستان کے لیے موثر ثابت ہوں گے، عوام شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بغیر سیکورٹی اور سرکاری پروٹوکول کے رات گئے اچانک پشاور کے مصروف علاقے صدر بازار کا دورہ کیا جہاں وہ عام شہریوں میں گھل مل گئے۔وزیراعلیٰ نے بازار کے مختلف حصوں کا پیدل جائزہ لیا، دکانداروں اور خریداروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔