پی آئی اے کا خلیجی ممالک کیلئے فضائی آپریشن معطل

کراچی:حکومت کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرول کو ملکی فضائی حدود کی کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستانی ایئر لائنز کو ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہیں۔

اے ٹی سی کو ایران اور افغانستان کی فضائی حدود کی بھی کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔ادھرپی آئی اے کی متحدہ عرب امارات، بحرین، دوحہ اور کویت کی پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔

پروازیں ابتدائی طور پر اتوار کی شام یا فضائی حدود کی بحالی تک آپریٹ نہیں کی جائیں گی۔ تاہم پی آئی اے کی سعودی عرب کے لیے پروازیں جاری رہیں گی، البتہ ان کے روٹس تبدیل کر دیے گئے ہیں۔پی آئی اے کے مطابق پروازیں بوئنگ 777 طیاروں پر منتقل کر دی گئی ہیں اور طویل راستے سے منزلِ مقصود تک پہنچیں گی۔

مسافروں سے درخواست ہے کہ اپنی پروازوں سے متعلق بروقت معلومات یا بکنگ میں تبدیلی کے لیے پی آئی اے کال سینٹر 786ـ786ـ111ـ021 سے رابطہ کریں۔ادھردفترخارجہ نے پاکستانی شہریوں کوایران کے غیرضروری سفرسے گریزکی ہدایت کردی۔

ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی شہری اپنی حفاظت کی خاطرایران کے غیرضروری سفرکرنے سے گریز کریں، ایران میں موجودپاکستانی انتہائی احتیاط برتیں،غیرضروری نقل وحرکت محدودکریں۔

ترجمان کے مطابق پاکستانی شہری تہران،مشہد،زاہدان میں پاکستانی مشنزکیساتھ رابطے میں ہیں، ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے سفارتخانہ تہران، قونصل خانوں کے رابطہ نمبرزجاری کردیے گئے۔ایران میں موجودپاکستانی غیرمعمولی صورتحال میں فوری قریبی پاکستانی مشن کومطلع کریں۔