فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 12سے 14فروری تک جرمنی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 62ویں میونخ سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر مختلف اہم ملاقاتوں میں شرکت کی۔فیلڈ مارشل نے متعدد عالمی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔
انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عالمی و علاقائی سیکورٹی صورتحال اور انسداد دہشت گردی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
جرمن حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران فیلڈ مارشل نے جمہوریہ جرمنی کے وفاقی وزیر داخلہ مسٹر الیگزینڈر ڈوبرنڈٹ، جرمن چانسلر کے خارجہ و سلامتی پالیسی کے مشیر مسٹر گنٹر ساٹر اور مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس جنرل کارسٹن بریور سے ملاقات کی۔
ان ملاقاتوں میں عصری سیکورٹی چیلنجز، دوطرفہ دفاعی تعاون اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے دوطرفہ و کثیرالجہتی مکالمے کی اہمیت پر گفتگو کی گئی۔
مزید برآںفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے برازیلین مسلح افواج کے چیف آف جوائنٹ اسٹاف ایڈمرل ریناٹو روڈریگز ڈی اگوئیار فریرے کے ساتھ بھی مفید ملاقات کی جس میں دوطرفہ عسکری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر جنرل روڈولف ہیکل نے بھی فیلڈ مارشل سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عالمی و علاقائی سیکورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

