پاکستان کا قرضہ جی ڈی پی کے 74فیصد سے کم ہو کر 70فیصد پر آگیا، وزیر خزانہ

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان کا قرضہ جی ڈی پی کے 74سے کم ہو کر 70فیصد پر آگیا، حکومتی قرضوں کی مدت بڑھا کر ادائیگی کا دباؤ کم کیا گیا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق وزیر ِخزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی عرب کی العلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلند عالمی قرضے ترقی پذیر ممالک پر دباؤ ڈال رہے ہیں، پاکستان نے معاشی استحکام کے لیے سخت مگر ضروری اصلاحات کی ہیں جس کے سبب پاکستان کا قرضہ جی ڈی پی کے 74سے کم ہوکر 70فیصد پر آگیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی قرضوں کی مدت بڑھا کر ادائیگی کا دباؤ کم کیا گیا ہے اور بیرونی قرضے جی ڈی پی کے تناسب سے مستحکم رہے ہیں۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ قرضوں پر سود کی لاگت میں نمایاں کمی آئی ہے، پاکستان میں قرضوں کی پائیداری کا شفاف نظام نافذ کیا گیا ہے جبکہ اصلاحات کے باعث ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح تقریبا 12فیصد ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ گرین سکوک اور پائیدار فنانسنگ فریم ورک متعارف کرایا ہے۔ قرضوں کے مسائل کا حل بروقت اقدامات، شفافیت اورمضبوط پالیسیوں میں ہے۔