رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران تجارتی خسارے میں 28فیصد اضافہ ہوا ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ جنوری 2026ء میں پاکستان کی برآمدات پہلی بار 3ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی ہیں البتہ رواں مالی سال2025-26ء کے پہلے 7ماہ (جولائی تا جنوری)میں تجارتی خسار ے میں 28فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق برآمدات کاحجم 35 فیصد اضافے سے 3.1 ارب ڈالرتک پہنچ گیا ہے۔ جنوری میں درآمدات 5 فیصدکم ہوکر 5.8 ارب ڈالر رہ گئیں۔ ماہانہ تجارتی خسارہ 29 فیصدکم ہوکر 2.7 ارب ڈالر تک محدود رہ گیا ہے، البتہ مالی سال کے پہلے 7ماہ میں تجارتی خسارے میں 28فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تاجنوری تجارتی خسارہ 17ارب ڈالرسے بڑھ کر 22 ارب ڈالرسے تجاوزکرگیا۔ جولائی تا جنوری برآمدات 7 فیصد کمی سے 18.19ارب ڈالر رہیں۔ اس دوران درآمدات 9.42 فیصد بڑھ کر 40 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔ گزشتہ سال 7 ماہ میں 36.77 ارب ڈالر کی درآمدات کی گئی تھیں۔ جنوری 2025ء کے مقابلے پاکستانی برآمدات میں 3.73فیصد اضافہ ہوا۔
مشیر وزیرخزانہ خرم شہزادکا کہنا ہے کہ بڑھتی ماہانہ برآمدات اورکم ہوتی درآمدات معیشت میں بہتری کے آثار ہیں۔ کم توانائی لاگت اور شرح سود میں کمی سے برآمدات مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

