یہ کام نہ کیا تو رواں سال حج سے محروم رہ جائیں گے؟ عازمین کے لیے اہم خبر

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے خبردار کیاہے کہ لازمی حج تربیت نہ کرنے والے عازمین حج سے محروم رہ جائیں گے۔

ملک بھر میں ایک لاکھ 20 ہزار عازمین حج کے لیے حج تربیتی ورکشاپ کا آغاز کر دیا گیا۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے حاجی کیمپ میں تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج کے دونوں مراحل میں تربیت میں شرکت لازمی ہے اور بغیر تربیت عازمین حج کی سعادت سے محروم رہ جائیں گے۔

حج تربیتی ورکشاپ 200 سے زائد مقامات پر جاری ہیں، وفاقی وزیر نے بتایا کہ تربیت کا پہلا مرحلہ 14 فروری تک جاری رہے گا، جبکہ دوسرا مرحلہ ماہ رمضان کے بعد منعقد ہوگا۔

سردار یوسف نے کہا کہ حج تربیت عازمین کو مناسک حج کی درست ادائیگی، سعودی قوانین اور انتظامات سے آگاہی، ہجوم کے دوران حادثات سے بچاؤ، نظم و ضبط، صبر اور اجتماعی عبادت کا شعور فراہم کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بغیر تربیت حج میں غلطیوں اور بدنظمی کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔