کراچی:شہر قائد میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ (کے ایم سی) کے محکمہ فائر بریگیڈ کو شدید افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے۔
ذرائع کے مطابق اہم ہنگامی ادارے میں 16 سال بعد بھرتیوں کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے۔کے ایم سی کے محکمہ فائر بریگیڈ میں گریڈ ایک سے گریڈ 17 تک مجموعی طور پر 440 اسامیاں خالی ہیں جن کی تفصیلات طلب کر لی گئیں۔
محکمہ فائر بریگیڈ میں اس وقت مجموعی طور پر ایک ہزار353 ملازمین کی کیپسٹی ہے تاہم صرف 913 ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ گریڈ 17 میں ڈپٹی ڈائریکٹر کی ایک اسامی جبکہ سٹیشن افسرز کی 22 میں سے 8 اسامیاں طویل عرصے سے خالی ہیں، گریڈ 14 کے سینئر کلرک کی 9 میں سے 8 اسامیاں خالی ہیں۔
گریڈ 12 میں سب فائر افسر کی 35 میں سے 7 اسامیاں، فورمین کی دونوں پوسٹس اور وائرلیس مکینک کی اسامی خالی ہے، گریڈ 11 میں ٹیلیفون آپریٹر کی ایک جبکہ گریڈ 10 میں لیڈنگ فائر مین کی 111 میں سے 34 اسامیاں خالی پڑی ہیں۔
محکمہ فائر بریگیڈ میں گریڈ 5، 7 اور 8 کے ڈرائیورز کی 242 میں سے 149 اسامیاں خالی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 16 برسوں کے دوران ملازمین کے انتقال، آتشزدگی کے واقعات میں شہادت یا زخمی ہونے اور ریٹائرمنٹ کے باعث یہ اسامیاں خالی ہوئیں۔

