علیمہ خان کا کل اڈیالہ جیل کے باہر سورة یٰس کے ختم کا اعلان

اسلام آباد:بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندیوں کے پس منظر میں جیل کے باہر دعائوں کے انعقاد کا اعلان کردیا۔

علیمہ خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ منگل کو دوپہر ایک بجے اڈیالہ جیل کے باہر سورة یاسین ختم کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع پر تمام شہداء ، ناحق قید افراد اور ہر قسم کے ظلم و جبر کا سامنا کرنے والوں کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ دعائوں کا یہ اہتمام پرامن اور مذہبی نوعیت کا ہوگا جس کا مقصد ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا اور ناحق قید افراد کے لیے دعا کرنا ہے۔ انہوں نے کارکنان اور ہمدردوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن طریقے سے شرکت کریں۔

علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے علیمہ خان کا کہنا تھا کے جھوٹے مقدمات سے نہیں ڈرتے۔ منگل کو اڈیالہ جیل عمران خان سے فیملی ملاقات ڈے ہے۔ہمیں کل بھی ملاقات اجازت نا دی گئی تو روڈ پر ہم بہنیں بیٹھ کر انتظار کریں گے، عدلیہ آزاد ہوتی تو بانی جیل میں نہ ہوتے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ ایک سال ہو گیا اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی کی اپیل نہیں لگ رہی، 8جنوری کو چھٹیاں ختم ہوں گی تو ہم ہائیکورٹ کے باہر بیٹھے ہوں گے ہم آئین و قانون کا راستہ نہیں چھوڑیں گے۔