جنوبی کوریا کی ایرو اسپیس کمپنی اِنواسپیس کا ہینبِٹ-نینو راکٹ پرواز کے چند ہی لمحوں بعد حادثے کا شکار ہو کر کریش ہو گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق راکٹ کو شمال مشرقی برازیل میں واقع لانچنگ پیڈ سے خلا کے لیے روانہ کیا گیا تھا۔ یہ جنوبی کوریا کی پہلی کمرشل اسپیس لانچ تھی۔
حادثہ پیر کے روز مقامی وقت کے مطابق رات 10 بج کر 13 منٹ پر پیش آیا، جسے کمپنی کی جانب سے جاری لائیو اسٹریم میں بھی دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق لانچ کے فوراً بعد راکٹ نے کنٹرول کھو دیا اور تقریباً ایک منٹ تک پرواز کے بعد مقررہ سیفٹی زون میں جا گرا۔
کمپنی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور حفاظتی حدود سے باہر کسی قسم کے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

