قومی سلامتی، اہم ریاستی اداروں کے ڈیٹا اور حساس معلومات کے تحفظ کیلئے سائبر سیکورٹی پالیسی 2021ء پر نظر ثانی اور انفرا اسٹرکچر کے جامع آڈٹ کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ عالمی معیار کی اہم تبدیلیاں کی جائیں گی۔ قومی ڈھانچے کے لیے نیا سائبر سیکورٹی فریم ورک بنے گا۔ گلوبل سائبر سیکورٹی انڈیکس میں پاکستان کی موجودہ رینکنگ بہتر بنانے کے لیے ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔
وزارت آئی ٹی کی دستاویز کے مطابق نیشنل سائبرسیکورٹی پالیسی میں عالمی معیارات کے مطابق اہم تبدیلیاں کی جائیں گی۔ سرکاری و نجی اداروں کے موجودہ سائبر سیکورٹی انفرا اسٹرکچر اور پیکا ایکٹ سمیت دیگر سائبر سیکورٹی قوانین کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ مصنوعی ذہانت، بلاک چین، ڈارک ویب، کلاڈ کے مطابق تھریٹ انٹیلی جنس، رسپانس کا لائحہ عمل تیارکیا جائے گا۔
سائبر سیکورٹی کیلئے ایجنسیوں کا باہمی مشاورتی فریم ورک بنایا جائے گا۔ دستاویز کے مطابق سائبرسیکورٹی انفرا اسٹرکچر کے جامع آڈٹ اور معیار میں بہتری کیلئے عالمی کنسلٹنگ فرم کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔

