لاہور: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے شاندار کارکردگی پر اگلا الیکشن بھی جیتیں گے۔
گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز پنجاب میں ترقی کے نئے باب رقم کر رہی ہیں، ماس ٹرانزٹ سسٹم سے گوجرانوالہ کے عوام کی تقدیر بدلے گی، ملک ترقی و استحکام کی جانب گامزن ہے، آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں عوامی خدمت اور ترقی کا سفر 1985ء میں میرے قائدو بڑے بھائی نواز شریف کی قیادت میں شروع ہوا، اس دور میں صرف سیاست ہوا کرتی تھی، ترقیاتی کاموں کا دور دور تک کوئی نام نشان نہیں ہوتا تھا، نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں پہلی مرتبہ تعمیری سیاست کا آغاز ہوا اور ان کے 3 سالہ دور میں تعمیری سیاست نے سازشی سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کر دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پھر قوم نے دیکھا کہ پورے صوبے میں سڑکوں کے جال بچھائے گئے، اسپتال، اسکول، کالجز، یونیورسٹیاں اور دوسرے عوامی منصوبوں کی بنیاد رکھی گئی، مریم نواز اسی ویژن کو سامنے رکھتے ہوئے آج عوامی خدمت کے اس سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے جس پر میں انہیں خراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی ایک جیتی جاگتی تصویر ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے آج آپ کے شہر گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ بس سروس کے منصوبے کا جو تحفہ دیا ہے، اس سے پورے ضلع کی تقدیر بدلے گی۔
دور دراز علاقوں سے آنے والوں، طلبہ، مزدور طبقہ اور ملازمین سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو جدید و شاندار سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے قائد نواز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ اور پھر بطور وزیر اعظم جو کار ہائے نمایاں انجام دیے تاریخ انہیں ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی،ان کا سب سے بڑا کارنامہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا ہے۔
انہوں نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنا کر کراچی سے لے کر پشاور تک ہر درد دل رکھنے والے پاکستانی کے دل میں جگہ بنائی اور ثابت کیا کہ وہ ایک عظیم قائد ہیں۔وزیر اعظم نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں شاندار کامیابی بھی اس ایٹمی قوت ہونے کے بل بوتے پر ملی، اگر پاکستان 1998ء میں ایٹمی دھماکے نہ کرتا تو آج حالات بہت مختلف ہوتے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عوامی خدمت کی ہی بدولت حالیہ انتخابات میں شاندار کامیابی ملی ہے، انشاء اللہ عوامی خدمت کا یہ سفر جاری و ساری رہے گا مجھے یقین ہے شاندار کارکردگی کی بدولت 3 سال بعد نواز شریف کی قیادت میں آئندہ انتخابات میں بھی ہم کامیابی حاصل کریں گے اور اس ملک کو ایک معاشی قوت بنائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے بچے وقت پرا سکول پہنچ سکیں گے، مزدور کارخانوں میں، وکلا عدالتوں میں پہنچ سکیں گے، غرض یہ کہ ماس ٹرانزٹ منصوبے سے زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والا مستفید ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے لاہور میں دل کے امراض کا پہلا اسپتال تعمیرا کرایا اور عام آدمی کے لیے ترقیاتی منصوبے تعمیرا کرائے۔شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ لاہور کا شمار دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ہوتا تھا مگر اسموگ میں آج کمی آئی ہے تو اس پر مریم نواز اور ان کی ٹیم کو شاباش ملنی چاہیے، یہ تمام کام کوئی چاہے بھی تو اس کو چھپا نہیں سکتا اور مخالف کو بھی ان کاموں کا اقرار کرنا پڑیگا۔
اِن کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی ن لیگ کی حکومت آئی تو ملک کا نقشہ بدل جائے گا، پورے پاکستان میں ن لیگ کا نعرہ بلند ہوگا۔دریں اثناء ”ماحول دوست سفر سے بڑھتا پنجاب” ، گوجرانوالہ میں جدید ترین ٹرانسپورٹ کلچر کا آغاز ہو گیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔شہباز شریف اور مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم پراجیکٹ کی تختی کی نقاب کشائی کی، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب نے سنہری بیلچے سے علامتی طورپر کھدائی کر کے سنگ بنیاد رکھا۔
تقریب گاہ کے داخلی راستوں کو خوبصورت سٹیمر،پینا فلیکس سے سجایا گیا، ماس ٹرانزٹ سسٹم کے بارے میں معلوماتی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔تقریب گاہ میں گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کا خوبصورت تھری ڈی ماڈل حاضرین کی توجہ کا مرکز رہا۔
ماس ٹرانزٹ سسٹم کے سنگ بنیاد کی تقریب میںوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف،ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار،وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ،وزیر دفاع خواجہ آصف ،خرم دستگیر ،مریم اورنگزیب ،رانا ثنا للہ ،چیف سیکرٹری پنجاب ،آئی جی پنجاب، وفاقی و صوبائی وزرا،مقامی سیاسی و سماجی رہنمائوں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

