افواہیں بے بنیاد، چیف ڈیفنس فورسزکے نوٹیفکیشن اجرا کا عمل شروع ہوچکا،وزیردفاع

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسزکی تقرری سے متعلق سرکاری نوٹیفکیشن کے اجرا کا عمل شروع ہو چکا ہے جومقررہ وقت پر جاری کردیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے لکھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے غیر ملکی دورے سے واپسی کے بعد چیف آف ڈیفنس اسٹاف کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

خواجہ آصف نے گردش کرتی افواہوں اور تبصروں کو غیر ضروری، غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر نوٹیفکیشن مقررہ وقت پر جاری کر دیا جائے گا۔اس معاملے پر قیاس آرائیوں کی کوئی گنجائش نہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اہم قومی تعیناتیوں سے متعلق غیر مصدقہ اطلاعات پھیلانا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ اس سے بے جا ابہام بھی پیدا ہوتا ہے، لہذا ایسی خبروں سے گریز کیا جائے۔

دریں اثناء ایک اور پوسٹ میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا جارہاہے کیونکہ اسرائیلی افواج جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہیں اور فلسطینیوں کومار رہے ہیں جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 10 اکتوبر کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے 352 فلسطینی مارے جا چکے ہیں، جنگ کے آغاز سے اب تک غزہ میں 70000 سے زائد افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شرم الشیخ میں دستخط کیے گئے اس معاہدے کا مقصد خطے میں استحکام لانا تھا تاہم اسرائیل کی کارروائیوں نے اس کی معاہدے پر عمل درآمد کی نیت پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل کا نسل کشی کا عمل ختم نہیں ہوا اور بین الاقوامی برادری، خصوصاً مغربی حکومتوں کو چاہیے کہ اسرائیل پر بین الاقوامی قانون کی پابندی کے لیے دباؤ جاری رکھیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وہ مسلم ممالک جنہوں نے معاہدے کی حمایت کی تھی، ترکی، مصر اور قطر کو جاری تشدد کے پیشِ نظر اپنے مؤقف پر نظرِ ثانی کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے، ترکیہ صدر رجب طیب اردوان پہلے ہی تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔