کے پی حکومت منشیات اسمگلنگ اور دہشت گردوں کی مدد گار ہے،وزیراطلاعات

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تار ڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور سیاست کا گٹھ جوڑ موجود ہے، آج بھی افغان طالبان کی حمایت میں بیانات دیے جا رہے ہیں،خیبرپختونخوا حکومت منشیات کی اسمگلنگ اور دہشت گردوں کو پروموٹ کر رہی ہے۔

صوبائی حکومت کی زیرنگرانی منشیات کی اسمگلنگ ہو رہی ہے جس کا پیسہ دہشت گردی کیلئے استعمال ہوتا ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنیں بھارتی چینلز پر جاکر ملک کو بدنام کر رہی ہیں، انہیں چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔عطا تارڑ کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کے جتنے فیصلے تھے روحانیت کا لبادہ اوڑھے ان کی اہلیہ کرتی تھیں، تمام معاشی اور سیاسی فیصلے ان کی اہلیہ کرتی تھیں، آج دنیا کے جریدے کہہ رہے ہیں کہ بانی کے فیصلوں کے پیچھے جھوٹ اور بہتان کا پورا نظام تھا۔

بانی پی ٹی آئی کی سیاست منافقت، جھوٹ اور بہتان کے سوا کچھ نہیں تھی۔ان کا کہنا تھا پاکستان ہمیشہ سے امن کا داعی ہے، ہم ہر دہشت گرد کا پیچھا کر رہے ہیں، کسی کی پسند اور ناپسند سے فیصلے نہیں ہوں گے، ملک آئین اور قانون کے تحت چل رہا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا پی ٹی آئی کا مطالبہ غیر قانونی ہے، یہ مٹھی بھر لوگ ہیں اور روز لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا کرتے ہیں، امن و امان کی صورتحال خراب کر کے کسی سے ملاقات نہیں ہوسکتی، پی ٹی آئی کے تمام سوشل اکائونٹس بھارت اور افغانستان سے چل رہے ہیں، یہ لوگ بھارت اور افغانستان سے مہم چلوا کر خود ایکسپوز ہورہے ہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت گزشتہ 12سال میں پراسیکیوشن کا نظام بناکر دہشت گردوں کو سزا نہیں دلواسکی، پچھلے 3سال میں دہشت گردوں کے خلاف مقدمات میں کسی ایک پر سزا نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں نان کسٹم پیڈ گاڑیاں کے پی کے میں چل رہی ہیں، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا سدباب نہ کر سکی، کے پی کی صوبائی حکومت ناکام ہو چکی ہے ، ان کی کارکردگی صفر ہے۔

ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی حکومت ڈرگ اسمگلنگ کو پروموٹ کر رہی ہے، تمباکو مافیا اگر ٹیکس دینا شروع کر دے تو 500 ارب کا ٹیکس جمع ہو سکتا ہے، کے پی میں برسر اقتدار لوگوں کی جیبیں بھری جاتی ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں 9 مئی کو بھی کور کمانڈر ہاس میں موجود تھیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے پی کا منشیات فروشوں کے ساتھ تعلق ہے، کے پی کی حکومت اربوں روپے کا ٹیکس کھا جاتی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 مئی کو حملہ فوج کو کمزور کرنے کے لئے تھا، 9 مئی کا منصوبہ ناکام ہوا، ان کو منہ کی کھانی پڑی، یہ چاہتے تھے کہ فوج اندرونی طور پر کمزور ہو لیکن کا ان کا منصوبہ ناکام ہوا۔