اٹلی سے ایل این جی کے 21کارگوز منسوخ(قطرکوبھی پلان حوالے)

اسلام آباد:پاکستان نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کے 21 کارگوز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ایل این جی کے یہ کارگوز اٹلی کی کمپنی سے معاہدے کے تحت آنے تھے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ایل این جی لمیٹڈکا کمپنی سے ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو درآمد کا معاہدہ ہے۔ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ پاکستان 2026ء میں 12 کے بجائے 2 ایل این جی کارگو خریدیگا۔

2 کارگو جنوری اور دسمبر 2026ء میں لیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق اٹلی کی کمپنی سے2027ء میں صرف جنوری میں ایک کارگو لیا جائیگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن سے گیس طلب جاننے کے بعد 21 کارگوز منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

دوسری جانب قطر سے درآمدی ایل این جی سرپلس ہونے کے معاملے میں پاکستان نے قطری حکام کو آئندہ سال کی طلب کا پلان دے دیا۔ذرائع وزارت پیٹرولیم نے کہا کہ پاکستان نے 2026ء کے لیے 29 کارگوز موخر کرنے کی تجویز پیش کردی۔

قطری حکام نے 31دسمبر تک پاکستان کی تجویز کا جواب دینا ہے۔حکام کے مطابق معاہدے کے تحت پاکستان قطر سے سالانہ 108 کارگوز منگواتا ہے، ذرائع وزارت پیٹرولیم نے کہا کہ پاور سیکٹر کی طلب کم ہونے کے باعث پاکستان نے 2026ء کے لیے79کارگوز تجویز کیے ہیں۔

آئندہ سال مئی سے اکتوپر تک 18کارگوز موخر کرنے کا پلان قطری حکام کو دیدیا گیا۔ذرائع نے کہا کہ جنوری سے اپریل تک گیارہ کارگوز موخر کرنے کا پلان دیا گیا ہے، اگر قطر نے پلان نہ مانا تو کوٹے کے مطابق درآمدی ایل این جی کارگوز منگوانے پڑیں گے۔

حکام وزارت پیٹرولیم نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان طویل المدتی درآمدی ایل این جی کا معاہدہ 2031ء تک ہے، معاہدے کے تحت پاکستان قطر سے ماہانہ نو درآمدی ایل این جی کے کارگوز منگواتا ہے، معاہدے کے تحت آئندہ سال کا پلان ایڈوانس دینا پڑتا ہے۔حکام نے کہا کہ رواں سال درآمدی ایل این جی گیس کے گھریلوکنکشنز پر پابندی اٹھائی گئی ہے۔