پہلا پاکستانی ایسٹروناٹ اگلے سال خلا میں جائے گا، احسن اقبال

اسلام آباد:وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگلے سال پاکستان کا پہلا ایسٹروناٹ خلا میں جائے گا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں احسن اقبال نے کہا کہ مجھے خوشی ہے آج پاکستان کے متعدد سیٹلائیٹ خلا میں گھوم رہے ہیں، یہ ایک ایسا شعبہ ہے جو انسان کی تحقیقی صلاحیت کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ طلبہ کو شروع سے کائنات کے مطالعے کی طرف موڑنا چاہیے، آج دنیا کا ہر ملک خلا میں زیادہ سے زیادہ جگہ بنانے کی دوڑ میں ہے، ہمیں ایسے لوگ چاہئیں جن کی یہ سوچ ہو کہ ہمیں نئی ایجادات کرنی ہیں اور اپنے ملک کو ٹیکنالوجی میں آگے لے کر جانا ہے۔

وفاقی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اسپیس سائنس کے اندر دلچسپی لیں، اس شعبے میں ہم پیچھے ہیں اور ہمیں اس کمی کو پورا کرنا ہے۔ 4 سے 10 اکتوبر کو پوری دنیا میں اسپیس ویک منایاجاتا ہے لہذا اس سال تمام صوبوں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اس حوالے سے تقریبات منعقد کریں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم پر ایک ذمہ داری ہے جو پوری کرنی ہے، اسلامی تحقیق کا سنہرہ دور تھا جب مسلمان سائنسدانوں نے سائنسی تحقیق میں دسترس حاصل کی، ہم نے تحقیق کی روایت چھوڑ دی اور دوسروں کے علم پر سروائیو کر رہے ہیں، آج مسلمانوں کو سب سے زیادہ ضرورت علم و تحقیق کے ساتھ اپنا رشتہ جوڑنے کی ہے، لوگوں کو تشدد کی طرف راغب کرنے والے عالم نہیں ہیں۔ ایسے عالم چاہئیں جو اس ملک کی تاریخ کو یاد دلائیں علم اور تحقیق کی طرف لائیں۔