حوثیوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانیوں کو عملے سمیت آزاد کروالیا،وزیرداخلہ

اسلام آباد/واشنگٹن:وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ یمنی ساحل کے قریب ایل پی جی ٹینکر پر اسرائیلی ڈرون نے حملہ کیا تھا جس کے باعث جہاز پر آگ لگی اور 24 پاکستانیوں سمیت 27 افراد کو حوثیوں نے یرغمال بنایا جو کہ رہا ہوگئے۔

اپنے ٹویٹ میں محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی سیکورٹی اداروں اور سفارتی کوششوں سے عملہ بازیاب ہوا اور کیپٹن مختار اکبر سمیت تمام پاکستانی عملہ محفوظ رہا، حوثیوں نے جہاز اور عملے کو بحفاظت رہا کردیا، جہاز یمنی پانیوں سے باہر آچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکریٹری داخلہ خرم آغا، سفیر نوید بخاری اور دیگر اہلکاروں کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، وزرات داخلہ، سعودی عرب و عمان میں پاکستانی ٹیموں کا کلیدی کردار ہے۔

دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹر فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) آ کاش پٹیل سے ملاقات کی، اس دوران غیر قانونی امیگریشن، انسداد دہشت گردی کے امور پر تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ڈائریکٹر ایف بی آئی کاش پٹیل سے واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی ملاقات میں انسداد دہشت گردی اور افسروں کے تبادلے کے پروگرامز پر تعاون کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر ایف بی آئی آ کاش پٹیل کی پیشہ ورانہ مہارت اور وژن انہیں کام کرنے کیلئے ایک بہترین پارٹنر بناتا ہے۔