پورٹ قاسم عالمی ٹاپ 20ترقی پذیر بندرگاہوں میں شامل

اسلام آباد:وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چودھری نے ورلڈ بینک کی جانب سے پورٹ قاسم کو دنیا کے نویں تیزی سے ترقی کرنے والے بندرگاہوں میں شامل کرنے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی حکومت کی مسلسل اصلاحات اور جدیدیت کے عمل کا ثمر ہے۔

ورلڈ بینک نے ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلی جنس کے اشتراک سے جاری کردہ تازہ ترین کنٹینر پورٹ پرفارمنس انڈیکس 2024میں پورٹ قاسم کو دنیا کی ٹاپ 20ترقی پذیر بندرگاہوں میں شامل کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق 2020سے 2024کے درمیان پورٹ قاسم کی کارکردگی میں 35.2پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جنید انوار چودھری نے ہفتہ کے روز اپنے بیان میں کہا کہ محمد بن قاسم پورٹ کا دنیا کی بہترین ترقی کرنے والی بندرگاہوں میں شامل ہونا قومی فخر کا باعث ہے،یہ ہماری مسلسل جدوجہد، جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات اور عالمی معیار کی بہترین پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل (ر)معظم الیاس نے بھی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ بینک کی یہ پذیرائی پورٹ کے تمام عملے کی محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے،ہم جدیدیت، ڈیجیٹلائزیشن اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے تاکہ عالمی سطح پر مزید بہتر مقام حاصل کر سکیں۔