امریکا نے پاک بھارت ملاقات جلد کرانے کا عندیہ دے دیا، اسحاق ڈار کا دعویٰ

اسلام آباد: نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکا میں سیکرٹری روبیو کو یاد دلایا کہ ان کے کہنے پر ہم نے جنگ بندی کی تھی جس پر انہوں نے جلد پاکستان اور بھارت کی ملاقات کرانے کا عندیہ دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بھارتی وزیر کے اس بیان پر حیرانی کا اظہار کیا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ذریعے بھارت پر حملہ کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگوں میں نہیں پڑے رہنا چاہتے مگر بھارت کو پہلے بھی شکست دی، اب بھی دیں گے۔
نائب وزیر اعظم نے عمران خان کے ٹرائل کے حوالے سے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیے جانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ پر حکومت کا کوئی اختیار نہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ طالبان حکومت ہمارے مطالبات سے انکار نہیں کرتی بلکہ بتا رہی ہے کہ ٹی ٹی پی کے ہمدردوں کو نظامِ حکومت سے ہٹا دیا گیا ہے اور 700 چیک پوسٹس ختم کردی گئی ہیں۔فضائی حملے کے بعد پاکستان کو ڈی مارش کرنا معمول کی کارروائی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 21 سے 28 جولائی ہم نے نیویارک کا دورہ کیا، جولائی کے مہینے میں پاس سلامتی کونسل کی صدارت تھی، ہماری کامیابی یہ رہی کہ ملٹی لیٹرلزم اور تنازعات کے پر امن حل کے لیے ہماری پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور ہوئی، اس قرار داد کا حوالہ تھائی لینڈ، کمبوڈیا جنگ کے خاتمے کے لیے بلائے گئے اجلاس میں بھی دیا گیا۔کئی سالوں بعد فلسطین کے حوالے سے سلامتی کونسل میں پاکستان کی قرارداد منظور ہوئی جسے اب مختلف فورمز پر بطور حوالہ پیش کیا جارہا ہے۔