اسلام آباد : آپریشن سندور کے متاثرین نے بھارتی مظالم کے خلاف اقوام متحدہ کو یادداشت پیش کر دی۔ معرکہ حق شہدا فورم کے پریزیڈینٹ اور جنرل سیکرٹری نے یاداشت اقوام متحدہ کے نمائندوں کے حوالے کی۔ اقوام متحدہ کے نمائندوں نے یاداشت کی متعلقہ حکام کو حوالگی کی یقین دہانی کروائی۔
بھارتی افواج نے 7 مئی کو پاکستانی شہروں پر بلا اشتعال حملے کیے، جس میں درجنوں بے گناہ افراد شہید ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں نومولود، بچے، خواتین اور بزرگ شامل تھے۔ معرکہ حق شہداء فورم کے مطابق حملوں میں مساجد، اسکول اور چرچ سمیت شہری عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ہم اقوام متحدہ سے بھارتی جنگی جرائم کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔
متاثرین کا مطالبہ ہے کہ بھارت کو عالمی عدالت انصاف میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تین ماہ بعد بھی عالمی برادری کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ یادداشت کے متن کے مطابق بھارت کے حملے اقوام متحدہ چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں، پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانا بھارت کی منظم ریاستی دہشت گردی ہے۔معرکہ حق شہداء فورم کا مطالبہ ہے کہ عالمی برادری بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔
