لاہور:چین کی جانب سے پنجاب میں تیز ترین سرمایہ کاری کا نیا منفرد ریکارڈ قائم ہو گیا ایم او یو پر دستخط بھی ہوگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بینک آف پنجاب اور چینی کمپنی چیلنج فیشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوئے ہیں۔
اس معاہدے کے تحت چیلنج ٹیکسٹائل گروپ پنجاب میں 150 ملین ڈالر سرمایہ کاری کریگا اورصوبے میں 100 ایکڑ پر جدید ترین اسپیشل اکنامک زون بنایا جائے گا۔چیلنج گروپ کے تحت پنجاب میں پاکستان کی بڑی ایڈوانس ٹیکسٹائل مل لگائی جائے گی اور ماہانہ 6 ملین میٹر فیبرک استعمال کر کے 2 سے 8 ملین گارمنٹس پروڈکشن کرے گا۔
چینی گروپ کے ذریعہ 8 ماہ کے دوران 18 ہزار اور 5 سال میں 25 ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔ یہ گروپ معروف امریکن برانڈز کے ذریعے گارمنٹس ایکسپورٹ کرے گا جب کہ گارمنٹ کی تیاری کیلئے خام مال بھی پاکستان سے حاصل کرے گا۔ اس منصوبے سے سالانہ 100 ملین ڈالر سے زائد کی برآمدات متوقع ہیں۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور میں متعین چینی قونصل جنرل اور چیئرمین چیلنج گروپ نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے فروغ اور سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
چیلنج گروپ کے ویگوہانگ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کوسراہا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاک چین تجارتی، کاروباری شراکت داری کو مزید بلندیوں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ پنجاب میں جدید ترین گارمنٹ سٹی بنا رہے ہیں جس کے لیے چیلنج گروپ کے ساتھ مل کر کام اور اس کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔