بلاول کی پھربھارت کو6دریائوں کا پانی چھیننے کی دھمکی

کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت سندھو دریا کا پانی روکنا چاہتا ہے، مودی کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ سندھ طاس معاہدے کو ماننا پڑے گا ورنہ ان سے 6 دریائوں کا پانی چھین لیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جب کینال کے افتتاح کی تقریب سے خطاب میں کیا، اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو جنگ میں شکست دی، بھارت نے سفارتی سطح پر بھی عبرتناک شکست کھائی ہے۔

مودی سرکار انتہا پسندوں اور دہشت گردوں کو سپورٹ کررہی ہے، بھارت بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو سہولت فراہم کرتا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ حب ڈیم سے 100 ایم جی ڈی پانی فراہم کریں گے، لیاری کو پانی فراہم کرنے کا پی سی ون منظور ہوگیا ہے، وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے جس میں پانی میں اضافے پر بات ہوگی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کیلئے شہباز اسپیڈ کے بجائے شہباز سلو ملا ہے، ایسا نہیں ہوسکتا پنجاب کیلئے شہباز اسپیڈ اور کراچی کیلئے شہباز سلو ملے۔

اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ 20 سال بعد کراچی میں اضافی پانی آئے گا، وعدہ کیا گیا تھا 14 اگست تک کام مکمل کرلیا جائے گا، دسمبر تک پرانی کینال کا مرمتی کام مکمل کرلیں گے، پانی کی مقدار میں اضافہ کیا جائے گا، وفاقی حکومت سے درخواست کریں گے حب ڈیم سے 200 ملین پانی دیا جائے۔ کے فور کے کام سے ہم مطمئن نہیں ہیں۔