اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے صدر نیشنل پارٹی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ملاقات کی اور بلوچستان کی ترقی کے لئے خصوصی کوششوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور وہاں کے عوام کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان کی ترقی کے لئے خصوصی کوششیں کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ بھی موجود تھے۔
دریں اثناء اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تاریخی امن معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے دونوں فریقوں کو قریب لانے کے لیے معاہدہ کرانے میں مدد دی، معاہدہ جنوبی قفقاز میں امن، استحکام اور تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔
وزیراعظم شہباز کا کہناتھا کہ ایک ایسا خطہ جو دہائیوں سے تنازعات اور انسانی المیوں کا شکار رہا ہے، تاریخی معاہدے پر صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارکباددیتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ برادر ملک آذربائیجان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے، پاکستان امن کے لیے امریکا کے سہولت کار کے کردار کو سراہتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ مکالمے کی یہ روح دیگر ایسے خطوں کے لیے بھی مشعلِ راہ بنے گی جو طویل المدتی تنازعات کا شکار ہیں۔
علاوہ ازیںوزیراعظم محمد شہباز شریف نے دو دنوں کے دوران ضلع ژوب کے سرحدی علاقے میں پاکستان افغانستان بارڈر سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے فتنہ الخوارج کے 47 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکورٹی فورسز کی ستائش کی ہے ۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جان پر کھیل کر دہشت گردوں کی در اندازی ناکام بنائی اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔