پاکستان، تاجکستان کی مشترکہ مشقیں، لائٹ کمانڈو ٹیموں کی شرکت

راولپنڈی : پاکستان اور تاجکستان کی مشترکہ انسداد دہشت گردی کی تربیتی مشقوں کا فخرآباد بیس، تاجکستان میں انعقاد، دوستی 2 کے عنوان سے مشقوں میں پاک فوج کی لائٹ کمانڈو بٹالین، کی 2 ٹیموں نے حصہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کی مشترکہ انسداد دہشت گردی سے متعلق تربیتی مشقیں “دوستی” کے عنوان سے 4 سے 9 اگست تک فخرآباد بیس، تاجکستان میں منعقد ہوئیں۔
اس مشق میں لاک فوج کی لائٹ کمانڈو بٹالین کی 2 ٹیموں اور تاجکستان اسپیشل فورسز کی 4 ٹیموں نے حصہ لیا۔مشقوں میں تمام تربیتی اور فوجی سفارت کاری کے مقاصد کامیابی سے حاصل کیے گئے۔
مشقوں کے اختتام پر ایک پروقار تقریب منعقد پذیر ہوئی، جس میں پاکستان کے تاجکستان میں دفاعی اتاشی کرنل محمد معظم ظفر پاکستان کی طرف سے مہمان خصوصی تھے جبکہ تاجکستان کے اعلیٰ فوجی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دونوں ممالک کے فوجیوں نے مشق کے دوران اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ان مشقوں سے دونوں دوست ممالک کے درمیان تاریخی ملٹری ٹو ملٹری تعلقات جہاں مزید بہتر ہوئے، وہیں دوستی II مشق سے مشترکہ تربیت کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں، مشقوں، طریقہ کار اور تکنیک کو بہتر بنایا گیا۔