پاکستان کو تیل کے ذخائر کی تلاش میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل

آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)کو سندھ کے ضلع ٹنڈو الہ یار میں واقع چاکرون آئل فیلڈ سے تیل کی ایک اور کامیاب دریافت ہوئی ہے۔کمپنی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نئی دریافت چاکرون فیلڈ میں کی گئی 1926 میٹر گہرائی کی کھدائی کے بعد ممکن ہوئی۔

اعلامیہ میں کہا گیا چاکرون آئل فیلڈ سے یومیہ 275 بیرل خام تیل حاصل ہونے کی توقع ہے، جو ملکی تیل کی پیداوار میں قابلِ ذکر اضافہ کرے گا۔او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ چاکرون آئل فیلڈ میں یہ اس کی تیرہویں کامیاب دریافت ہے، جو کمپنی کی مسلسل کاوشوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا نتیجہ ہے۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ اس منصوبے میں او جی ڈی سی ایل کے 95 فیصد جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز لمیٹڈ کے 5 فیصد شیئرز ہیں۔حکام کے مطابق یہ دریافت نہ صرف ملکی توانائی کے شعبے کے لیے ایک اچھی خبر ہے بلکہ مقامی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گی۔