گرے لسٹ میں جانے کے لیے بھارت 100 فیصد فٹ ہے،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

بھارتی حکومت کی طرف سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے فیٹف سے متعلق بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کرنے اور پاکستان میں دہشتگردی کی سرپرستی اور اوچھے ہتھکنڈوں سے متعلق علی امین گنڈا پور نے سخت ردعمل دیا ہے۔

اپنے اہم پالیسی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ الیکشن میں مصروفیت کی وجہ سے بعد میں معلوم ہوا کہ بھارتی حکومت نے فیٹف سے متعلق میرے ایک بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا ہے، جس کی تھوڑی وضاحت کرنا چاہتا ہوں۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پہلی بات تو یہ ہے کہ بھارت آج سے نہیں ہمیشہ سے پاکستان اور اس پورے خطے کے اندر جتنی دہشت گردی ہو رہی ہے اس میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں کشمیر اور گلگت بلتستان کا بھی منسٹر رہا ہوں، اب میں فیٹف کو خط بھی لکھ رہا ہوں اور ساتھ خود وہاں جاکر وضاحت سے بتاؤں گا۔ اس کے علاوہ پورے پاکستان میں جتنی بھی دہشت گردی ہو رہی ہے اس میں بھارت ملوث ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خاص طور پر افغانستان کے اندر جو جنگ تھی تو 100 سے زیادہ سفارتخانے بھارت نے کھولے ہوئے تھے۔

نہ وہاں پر بھارت کی طرف سے تجارت ہو رہی تھی، نہ سرمایہ کاری ہو رہی تھی اور نہ سفارت کاری ہو رہی تھی بلکہ ان سفارتخانوں کے ذریعے صرف پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کے لیے کام کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ میں یہ بھی ایکسپوز کروں گا کہ پورے پاکستان کے اندر دہشتگردی اور بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے اندر دہشتگردی میں بھارت کیا کردار ہے، میں یہ سب وہاں پر خود ایکسپوز کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں پوری دنیا کو بتاؤں گا کہ پاکستان کے دفاع کے لیے پوری قوم متحد ہے۔ ابھی حال ہی میں بھارت نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا، جس میں بری طرح شکست ہوئی۔ اس پرپوری قوم سمیت ہماری دفاعی فورسز نے یہ ثابت کیا ہے کہ بھارت ہم تمہارا بندوبست کرنا جانتے ہیں۔علی امین نے کہا کہ میں واضح طور پر یہ کہتا ہوں کہ اس پورے خطے کے اندر دہشت گردی میں بھارت ملوث ہے، چاہے وہ چائنیز پر حملے ہوں، کسی تنصیبات پر حملے ہوں یا کسی اور طرح کی دہشت گردی جو اس ملک میں ہو رہی ہے اس کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔

تم نے جو سیاق و سباق سے ہٹ کر ایک غلط بیانیہ پیش کر کے پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں ڈالوانے کی کوشش کی ہے، میں فزیکلی وہاں جا کر بتاؤں گا اور ثابت کروں گا کہ دہشتگردی کے حوالے سے فیٹف کی گرے لسٹ میں جانے کے لیے بھارت 100 فیصد فٹ ہے۔