دریائوں میں سیلاب، گلگت میں گلیشیئر پھٹنے سے باپ بیٹا جاں بحق

لاہور / کوئٹہ / گلگت : پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ دریائے چناب اور دریائے سندھ میں مختلف مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کا سامنا ہے۔ گلگت میں گلیشیئر پھٹنے سے باپ بیٹا جاں بحق، پی ڈی ایم اے نے مون سون فلڈ فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے۔
24 گھنٹوں میں لیہ، بہاولنگر، بہاولپور، نارووال، بھکر، قصور، لاہور اور سیالکوٹ میں بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ترجمان نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشیں متوقع ہیں، دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق دریائے جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہا نارمل سطح پر ہے، رودکوہیوں اور بڑے دریاں سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ گزشتہ رات رودکوہیوں میں نچلے سے درمیانے درجے کے سیلابی ریلے گزرے تاہم پیشگی الرٹ کے باعث کوئی جانی و مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، نارووال بسنتر نالہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 88 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 58 فیصد تک بھر چکا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ رواں سال موسم مون سون بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں پنجاب میں 162 شہری جاں بحق ہوئے ، 564 شہری زخمی، 214 گھر متاثر اور 121 مویشی ہلاک ہوئے۔ ادھر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، کمالیہ میں بارشوں کے باعث دریائے راوی میں جھلا رسگھلا پر زمینی کٹا سے سینکڑوں ایکڑ اراضی دریا برد ہوگئی جبکہ مکئی، چاول اور سبزیوں کی فصلیں پانی میں ڈوب گئیں۔
اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کی جانب جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان ،کشمیر اور خیبر پختونخواہ میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔اُدھر گلگت بلتستان کی وادی بگروٹ میں گلیشیئر پھٹنے سے باپ بیٹا گہری کھائی میں جاگرے۔مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر ریسکیو ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں جبکہ ضلع دیامر کے علاقے کھنبری میں بھی بارش کے باعث سیلاب سے تیار فصلوں، زمینوں اور واٹر چینلز کو نقصان پہنچا ہے۔
ادھر شاہراہ بابوسر پر لاپتا سیاحوں کی تلاش کے لیے 11 ویں روز بھی سرچ آپریشن جاری ہے۔ نجی ٹی وی کی خاتون اینکر اور ان کا خاندان تاحال لاپتا ہیں۔ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ صوبے میں ایمرجنسی نافذ ہے، سیلابی بحران سے نکلنے اور متاثرین کی بحالی میں وفاقی حکومت کی توجہ درکار ہے۔دریں اثناء شمال مشرقی بلوچستان میں موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے۔ شدید بارشوں سے کوہ سلیمان رینج اور مشرقی بالائی علاقوں کے برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جبکہ بلوچستان کو پنجاب اور خیبرپختونخوا سے ملانے والی شاہراہیں مختلف مقامات سے متاثر ہیں، ہرنائی، دکی، موسی خیل اور کوہلو کو ملانے والی شاہراہیں سیلابی ریلوں سے متاثر ہیں۔