پی ٹی آئی قیادت نے 5اگست کے احتجاج کی تمام ذمہ داری تحریک تحفظ آئین پاکستان کے کندھوں پر ڈال دی،مرکزی قیادت نے صوبائی قیادت کو بھی خود ہی منصوبہ بندی کرنے کی تجویز دی ہے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی مرکزی قیادت 5 اگست احتجاج کی کال سے پیچھے ہٹ گئی اور قیادت 5 اگست کے احتجاج سے ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت نے احتجاج تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم پر ڈال دی ،احتجاج کیسے ہوگا اورکہاں کہاں ہوگا مرکزی قیادت نے ملبہ صوبائی قیادت پر ڈال دیا، ذرائع کے مطابق مرکزی قیادت احتجاج کا پلان دینے سے گریزاں ہیں جبکہ صوبائی قیادت کی جانب سے مرکزی قیادت سے احتجاج کا پلان اور حکمت عملی مانگی گئی تھی۔
پارٹی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بھی اپنی جان چھڑا لی اور احتجاج کا پلان دینے سے معذرت کا اظہار کرتے ہوئے تمام تر ذمہ داری صوبائی قیادت پر ڈال دی ہے ۔ چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے مرکزی قیادت سے 5 اگست کے احتجاج کا پلان مانگا تھا مگر سلمان اکرم راجہ کا پلان دینے سے انکار اور خود ہی حکمت عملی بنانے کی ہدایت کر دی۔
پارٹی سیکرٹری کی جانب سے کہا گیا کہ آپ صوبے کی انچارج ہیں اور چاروں ریجنل صدور آپ کے ساتھ ہیں آپ خود پلان بنا کر عملدرآمد کریں ،ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ مرکزی قیادت کے پاس کوئی پلان ہے نہ ہی کوئی حکمت عملی دے سکتی ہے ، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی قیادت نے خود حکمت عملی بنائی آپ بھی خود کریں کیونکہ پنجاب میں احتجاج کی ذمہ داری آپ خود نبھائیںگی۔